پونے،29؍ دسمبر(آئی این ایس انڈیا) سماجی کارکن انا ہزارے نے دھمکی دی ہے کہ اگر مرکزجنوری کے آخر تک کسانوں سے متعلق مطالبات کو قبول نہیں کرتاہے تووہ بھوک ہڑتال پر چلے جائیں گے۔
مہاراشٹرکے احمد نگر ضلع کے ریلیگن سدھی گاؤں میں انا ہزارے نے نامہ نگاروں کوبتایاہے کہ وہ پچھلے تین سالوں سے کسانوں کے لیے مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن حکومت نے ان مسائل کو حل کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایاہے۔ اناہزارے (83)نے کہاہے کہ حکومت صرف کھوکھلے وعدے کرتی ہے، اس لئے مجھے اب اس پر اعتماد نہیں ہے۔" آئیے دیکھتے ہیں کہ حکومت میرے مطالبات پر کیا کارروائی کرتی ہے۔ انہوں نے ایک ماہ کا وقت مانگا ہے اور میں نے انھیں جنوری کے آخر تک کا وقت دیا ہے۔ اگر میرے مطالبات پورے نہ ہوئے تو میں ایک بار پھر بھوک ہڑتال کروں گا۔ یہ میرا آخری احتجاج ہوگا۔
انا ہزارے نے 14 دسمبر کو مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کو خط لکھا تھا کہ ایم ایس۔ اگرسوامی ناتھن کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد اور کمیشن برائے زرعی لاگت اور قیمتیں (سی اے سی پی) کو خود مختاری فراہم کرنے کے ان کے مطالبات کو قبول نہیں کیا گیا تو وہ بھوک ہڑتال پر جائیں گے۔ بی جے پی کے سینئررہنمااورمہاراشٹرقانون ساز اسمبلی کے سابق اسپیکر ہریبھاؤ نے بھی حال ہی میں ہزارے سے ملاقات کی تھی اور انہیں مرکز کے ذریعہ لائے گئے تین نئے زرعی قوانین سے آگاہ کیا تھا۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے تین زرعی قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہزارے نے 8 دسمبر کو کسان تنظیموں کے بھارت بند کی حمایت میں بھوک ہڑتال کی ہے۔